وحدت نیوز, مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام یاد گار شہداء سکردو پر تکریم شہداء و خوددار پاکستان کانفرنس کا انعقاد کیا گیاجس میں ضلع سکردو بھرسے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی ،شرکاء نے ہاتھوں میں قومی وپارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے اور فضاء پاکستان بنایا تھا پاکستان بچائیں گے ، امریکا مردہ باد اسرائیل نامنظور، امریکی غلامی نامنظور جیسے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی، جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ شہید انسانی معاشرے کو حیات دیتا ہے ، شہید کے لہو کے رنگ کو کوئی نہیں مٹا سکتا ،آج کایہ اجتماع شہدائے پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتا ہے،پاکستان میں تکفیریت کو امپورٹ کیا گیا ، پاکستان کو درندوں اور بھیڑیوں کے حوالے کر دیا گیا، وطن کے بے گناہ بیٹوں کے خون سے ہولی کھیلی گئی ، ہم نے کہا ہم داخلی خود مختاری چاہتے ہیں ہمارے فیصلے اسلام آباد میں ہونے چاہئیں واشنگٹن میں نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی عوام کو پاکستان سے وفاداری کے صلے میں صرف جھوٹے وعدے، دھوکا اور محرومیاں دی گئیں ،اس خطے کے بہادر عوام کو اپنے حق کے لئے میدان میں ثابت قدم رہنا ہو گا ، یہاں عوام کو حقیقی مسائل سے ہٹا کر غیر ضروری مسائل میں الجھایا جاتا ہے ،گلگت بلتستان پاکستان کا سر ہے بغیر سر کے دھڑ باقی نہیں رہ سکتا ،یہ جنت نظیر علاقہ اب تک محرومیوں کا شکار ہے ،گلگت بلتستان کے جائز آئینی حقوق کی جدوجہد کے لئے متحد ہونا ہو گا۔آئین پاکستان میں واضح ہے کہ کسی کے عقیدے کے بر خلاف تعلیمی نصاب نہیں پڑھایا جا سکتا، موجودہ نصاب تعلیم تنازعات سے بھرا ہوا ہے ہم اسے مسترد کرتے ہیں، نصاب کے مسئلے پر ہمارے اکابرین نےماضی میں بھی طویل جدوجہد کی ہےشہیدآغا ضیاء الدین شہید ِ نصاب ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ خطےمیں اس وقت شفٹ آف پاور کے عمل جاری ہےجبکہ پاکستان بھی تاریخ کے نازک ترین دورسے گذر رہا ہے، امریکی مداخلت ایک منتخب حکومت کے خاتمے کا سبب بنی، ملک عدم استحکام کا شکار ہے، معیشت تباہ اور خزانہ خالی ہے، آئی ایم ایف نے ملک کو دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچادیا ہے ۔ حکمرانوں نے ہوش مندی کا مظاہرہ اور معاشی استحکام کیلئے جرات مندانہ اقدامات نہ کیئے تو خانہ جنگی کا اندیشہ ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات ، بجلی ، گیس اور اشیائے خوردونوش کی آسمان کو چھوتی قیمتوں نے غریب کی زندگی اجیرن کردی ہے ۔ ہم پاکستان کو امریکی غلامی کا شکار نہیں بننے دیں گے ، خودداری کا درس قائد اعظم محمد علی جناح اورعلامہ محمد اقبال نے قوم کو دیا جسے فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔