وحدت نیوز نیٹ ورک (اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے یوم آزادی گلگت بلتستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ یکم نومبر 1947ء گلگت بلتستان کی تاریخ کا وہ عظیم دن ہے جب وہاں کے بہادر اور غیور عوام نے ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کی۔ میں یکم نومبر 1947ء کے غیور مجاہدینِ گلگت بلتستان کو سلامِ عقیدت اور اہلِ گلگت بلتستان کو یومِ آزادی کی دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔یہ دن گلگت بلتستان کے عوام کی قربانی، جرات اور حب الوطنی کی یاد دلاتا ہے، وہ عوام جنہوں نے اپنے زورِ بازو سے غلامی کی زنجیریں توڑ کر آزادی حاصل کی۔
یکم نومبر، اہلِ گلگت بلتستان کے لیے فخر، حریت اور عزمِ وفا کی علامت ہے۔تاہم، آج بھی گلگت بلتستان کے عوام آئینی شناخت اور مکمل حقِ نمائندگی کے منتظر ہیں۔اب وقت آ گیا ہے کہ وفاقِ پاکستان گلگت بلتستان کے عوام کی دیرینہ محرومیوں کا ازالہ کرے اور اُنہیں مکمل آئینی صوبے کا درجہ دے تاکہ آزادی کی حقیقی روح مکمل طور پر مجسم ہو سکے۔








