اہم خبریںبین الاقوامی خبریں

چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی الحکمہ نیشنل موومنٹ عراق کے سربراہ جناب سید عمار الحکیم سے ملاقات

وحدت نیوز نیٹ ورک (بغداد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے وفد کے ہمراہ عراق کی الحکمہ نیشنل موومنٹ کے سربراہ جناب سید عمار الحکیم سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

‏گفتگو کے دوران بالخصوص عراق آنے والے زائرین کو درپیش مشکلات، پاکستانی طلبہ کے مسائل اور دیگر باہمی تعاون سے متعلق امور زیرِ بحث آئے۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ زائرین اور طلبہ کے مسائل کا حل دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا ذریعہ ہے۔

‏اس ملاقات میں عراق اور پاکستان کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، سیاحت و تجارت کے فروغ اور دونوں ممالک کے عوامی و ثقافتی روابط کو وسعت دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان ثقافتی اور روحانی تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے، جنہیں موجودہ دور میں مزید وسعت دے کر دونوں اقوام کو قریب لایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے اس امر کو اجاگر کیا کہ تجارتی اور سیاحتی میدان میں تعاون نہ صرف معاشی ترقی کا باعث ہوگا بلکہ عوامی سطح پر تعلقات کو بھی مزید گہرا کرے گا۔

‏اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے فلسطین اور بالخصوص غزہ کے مظلوم عوام پر جاری مظالم کی سخت مذمت کی اور اس بات پر زور دیا کہ امتِ مسلمہ کو متحد ہو کر مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ غ ز ہ کے عوام کی قربانیاں تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گی، جبکہ عالمی برادری کی خاموشی انسانی ضمیر کے منافی ہے۔

‏ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ عراق اور پاکستان امتِ مسلمہ کے اتحاد، مظلومین کی حمایت اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے اپنی مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔

‏سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے ہمراہ وفد میں مرکزی سیکرٹری امورِ خارجہ مجلس وحدت مسلمین علامہ ڈاکٹر شفقت شیرازی اور علامہ خاور عباس شاہ شامل تھے۔



Shares:

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *