وحدت نیوز نیٹ ورک (اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ خیبرپختونخواہ اور گلگت بلتستان اس وقت شدید طوفانی بارشوں اور تباہ کن سیلاب کی لپیٹ میں ہیں۔ درجنوں قیمتی جانوں کا ضیاع، گھروں، سڑکوں، پلوں اور کھڑی فصلوں کی تباہی نے پورے خطے کو مفلوج کر دیا ہے۔ کئی علاقے مکمل طور پر کٹ چکے ہیں اور عوام زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔اس قدرتی آفت میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ رب العزت انہیں صبرِ جمیل عطا فرمائے۔یہ سانحہ تقاضا کرتا ہے کہ وفاقی حکومت فوری طور پر دونوں خطوں کو “آفت زدہ علاقے” قرار دے، ایمرجنسی کمیٹیاں تشکیل دے،
متاثرین کو خوراک، خیمے، میڈیکل سہولیات اور فوری معاوضے فراہم کرے، جبکہ تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام بلاتاخیر شروع کیا جائے۔میں مخیر حضرات اور فلاحی اداروں سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ اس کڑے وقت میں متاثرہ عوام کی مدد کے لیے آگے بڑھیں، کیونکہ یہ انسانی المیہ تنہا کسی ایک ادارے کے بس کی بات نہیں۔ریاست اور مخیر اداروں کو مل کر اس آزمائش کی گھڑی میں عملی کردار ادا کرنا ہوگا، ورنہ یہ تباہی مزید بڑے بحران میں بدل سکتی ہے۔