وحدت نیوز نیٹ ورک (قم، ایران) 9 مئی 2025ء – مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے نئے صدر کی نامزدگی کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو گیا۔ یہ عمل دفتر مجلس وحدت مسلمین قم میں دستور کے مطابق انجام پایا، جس کے تحت مجلس شوریٰ عمومی (شعبہ قم) کے معزز اراکین نے رائے شماری کے بعد نئے صدر کے لیے تین نام مرکزی سیکرٹری امور خارجہ کو تجویز کیے۔
مرکزی سیکرٹری امور خارجہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی مشاورت اور منظوری کے بعد ان تین میں سے ایک شخصیت کو شعبہ قم کا صدر نامزد کریں گے۔ جس کا باضابطہ اعلان آج کیا جائے گا۔
اس موقع پر سابق صدر علامہ سید شیدا جعفری مدت مکمل ہونے پر دستوری تقاضے کے مطابق اپنی مکمل کابینہ سمیت مستعفی ہو گئے۔ پہلے مرحلے میں شفافیت، تنظیمی نظم و ضبط اور دستوری اصولوں کی مکمل پاسداری کی گئی، جسے تمام اراکین نے سراہا۔
چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور شعبہ امور خارجہ کے مرکزی سیکرٹری نے اس جمہوری و منظم عمل پر تمام اراکین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے تنظیم کی پختگی اور داخلی جمہوریت کی روشن مثال قرار دیا۔
نئے صدر کا باضابطہ اعلان آج بروز جمعہ، 11 ذی القعدہ بمطابق 9 مئی، حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے یومِ ولادت کی مناسبت سے منعقد ہونے والی خصوصی تقریب میں مرکزی سیکرٹری امور خارجہ خود کریں گے، جو دفتر مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم میں منعقد ہوگی۔ تقریب میں تنظیمی رہنماؤں، اراکین اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد میں شرکت متوقع ہے۔
مجلس شوریٰ عمومی (شعبہ قم) کے ارکان نے اس پورے عمل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے نئے صدر سے فعال اور مؤثر قیادت کی توقع ظاہر کی ہے۔ اختتام پر سابق صدر علامہ سید شیدا حسین جعفری نے تمام اراکین، رفقاء اور تنظیمی ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نئے دور کے آغاز پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔