وحدت نیوز امور خارجہ (اصفہان) – 18 اپریل 2025 مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ اصفہان (ایران) کی جانب سے “مشرق وسطیٰ موجودہ چیلنجز اور امتِ مسلمہ کا مستقبل” کے عنوان سے ایک اہم علمی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں خطے کے حالات اور عالمی سیاست کے اثرات پر سیر حاصل بحث ہوئی۔ کانفرنس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت برادر سلیم آرزو نے حاصل کی۔ اس کے بعد برادران شہزاد جعفری، غلام علی بلتستانی اور ساجد علی مہدوی نے شہدائے اسلام اور اہلِ بیتِ اطہار (علیہم السلام) کی شان میں نعتیہ کلام پیش کیا، جس نے محفل کو روحانی کیفیت سے ہمکنار کر دیا۔ حجۃ الاسلام مولانا راجہ مصطفیٰ نے اپنی گفتگو میں مشرق وسطیٰ اور پاکستان کے موجودہ حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا ہمیشہ سے عالمی استعماری قوتوں کی سازشوں کا شکار رہا ہے۔ یہ طاقتیں کبھی نہیں چاہتیں کہ یہ خطہ مستحکم ہو، بلکہ ان کی پالیسیاں ہمیشہ اسے انتشار اور کمزوری کی طرف دھکیلنے پر مرکوز رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شہیدِ مقاومت سید حسن نصراللہ (رح) کی جدوجہد صرف لبنان تک محدود نہیں، بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
پروگرام کے اختتام پر سوال و جواب کے دوران شرکاء نے خطے کے مسائل، عالمی طاقتوں کے کردار اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے حوالے سے گہرے سوالات اٹھائے، جن کا مہمانِ خصوصی نے مدلل اور تحقیقی انداز میں جواب دیا۔ شرکاء نے کانفرنس کو انتہائی معلوماتی اور فکری لحاظ سے مفید قرار دیتے ہوئے ایسے علمی مباحثوں کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا۔ مجلس وحدت مسلمین کے نمائندوں نے تمام شرکاء، مہمانانِ گرامی اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور مزید ایسی نشستوں کے انعقاد کا عزم ظاہر کیا۔
مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان نے مشرق وسطیٰ کے تناظر میں اہم علمی کانفرنس کا انعقاد
Shares: