اہم خبریںبین الاقوامی خبریں

قم میں جہادِ تبیین کی گیارہویں نشست، “دین اور اخلاق کا رابطہ” موضوعِ گفتگو

وحدت نیوز نیٹ ورک (قم): مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے زیراہتمام جہادِ تبیین کی گیارہویں نشست 19 ستمبر 2025ء بروز جمعہ دارالقرآن علامہ طباطبائیؒ میں منعقد ہوئی، جس میں حوزہ علمیہ قم کے فضلا اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نشست کا آغاز مولانا ہاشم علی عمرانی نے “مسئلہ روز” پر مختصر خطاب سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ علما اس بات پر متفق ہیں کہ یزید قرآن و سنت کے مطابق ملعون اور قاتلِ سیدالشہداء امام حسینؑ ہے، البتہ اہل سنت کے مختلف طبقات میں اس حوالے سے اختلاف پایا جاتا ہے۔ کچھ علما یزید کو براہِ راست قاتل قرار دیتے ہیں، کچھ خاموش رہتے ہیں جبکہ ایک طبقہ یزید پر لعن کو جائز سمجھتا ہے۔

بعد ازاں موسسہ امام خمینیؒ کے شعبہ فلسفہ کے رکن حجت الاسلام استاد محمد سربخشی نے “دین اور اخلاق کا رابطہ” کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے اپنی گفتگو میں واضح کیا کہ اخلاق کا مطلب دنیا سے کنارہ کشی نہیں بلکہ دنیا کو سنوارنے اور آباد کرنے کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔

استاد سربخشی نے دین اور اخلاق کے حوالے سے رائج نظریات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ اخلاق کو دین کے متوازی یا اس کے مقابل سمجھتے ہیں، لیکن ان کا نظریہ یہ ہے کہ “اخلاق عین دین ہے اور پورا دین دراصل اخلاق ہے۔”

نشست کے اختتام پر سوال و جواب کا سلسلہ کافی دیر جاری رہا، جس میں شرکاء نے بھرپور حصہ لیا۔ حاضرین نے گفتگو کو نہایت علمی، مفید اور دلکش قرار دیا اور آئندہ بھی ایسی فکری و علمی نشستوں کے تسلسل کا مطالبہ کیا۔

Shares:

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *