وحدت نیوز نیٹ ورک:(قم المقدسہ )خصوصی رپورٹ مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم نے “مغربی تمدن کی شناخت” کے عنوان سے ایک اہم علمی و فکری دورہ کا انعقاد کیا، جس میں کارشناسی سطح کے منتخب طلباء نے شرکت کی۔ یہ دورہ فکری بالیدگی اور علمی ارتقاء کے لیے خصوصی طور پر ترتیب دیا گیا تھا۔
دورہ کے آغاز سے قبل مختلف مدارس میں دعوتی اور تعارفی مہم چلائی گئی، جس کے ذریعے اہل و مستحق طلباء کا انتخاب کیا گیا۔ منتخب افراد کے تفصیلی انٹرویوز لیے گئے تاکہ ان کی علمی اہلیت اور فکری آمادگی کا جائزہ لیا جا سکے۔
دورہ مجلس وحدت مسلمین کے دفتر شعبہ قم میں منعقد ہوا، جس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ افتتاحی کلمات حجت الاسلام آقای شبیر سعیدی نے ادا کیے، جنہوں نے کارگاہ کے مقاصد، اہداف اور فکری محرکات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
دو روزہ کارگاہ کے پہلے دن دو اہم سیشنز منعقد ہوئے:
پہلا سیشن: حجت الاسلام آقای رضا مہدی نے “مغربی تمدن کے تشکیلاتی مراحل” پر جامع اور مدلل گفتگو کی۔ انہوں نے مغربی تہذیب کے فکری ارتقاء، تاریخی پس منظر اور نظریاتی بنیادوں کو سادہ مگر عمیق انداز میں بیان کیا۔
دوسرا سیشن: حجت الاسلام آقای سجاد حیدر نے “مغربی تمدن کے معرفتی و فکری مبانی” پر محققانہ اور استدلالی لیکچر دیا۔ ان کی گفتگو نے حاضرین کے ذہنوں میں مغربی فکر کے نظریاتی تضادات اور اس کے فکری اثرات پر گہرے سوالات پیدا کیے۔
پہلے دن کے اختتام پر طلباء نے اس نشست کو نہایت مفید اور بصیرت افزا قرار دیا۔ کارگاہ کا دوسرا حصہ اگلی جمعرات کو منعقد ہوگا۔
یہ دورہ مغربی تمدن کی گہری سمجھ بوجھ پیدا کرنے اور اسلامی فکر کی مضبوطی کے لیے اہم قدم ثابت ہو رہا ہے۔
قم المقدسہ:مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کا “مغربی تمدن کی شناخت” پر علمی و فکری دورہ شروع
Shares:








