اہم خبریںبین الاقوامی خبریں

شہید سید حسن نصر اللہ اپنی انکساری، شجاعت، زہد و تقویٰ اور اعلیٰ اخلاق کی بدولت دنیائے معاصر کے قائدین میں ایک منفرد قائد تھے،علامہ راجہ ناصرعباس

وحدت نیوز نیٹ ورک (سرگودھا)مجلس علماء امامیہ پاکستان کے زیر اہتمام سرگودھا میں ایک عظیم الشان شہدائے امت کانفرنس کا انعقاد ہوا، جو حزب اللہ لبنان کے عظیم قائد شہید سید حسن نصر اللہ کی پہلی برسی کی مناسبت سے منعقد کی گئی۔ کانفرنس میں پنجاب کے مختلف اضلاع سے آئے علمائے کرام اور مبلغین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

اس موقع پر مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس نے خصوصی خطاب کیا اور شہید سید حسن نصر اللہ کی زندگی، جدوجہد اور امت پر ان کے اثرات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ:

مرجعیت نے ہمیشہ ملت تشیع کو سرخرو کیا ہے اور یہی نظام ہمارے استحکام اور رہنمائی کا سب سے مضبوط ستون ہے۔

انہوں نے کہا جن حالات میں مقاومت کے محاذ کی تشکیل ہوئی وہ آج کے حالات سے زیادہ گھمبیر اور نازک تھے لیکن مقاومت نہ صرف تشکیل پائی بلکہ اس نے اپنی طاقت سے خطے میں توازن تبدیل کیا۔ انہوں نے کہا مقاومت کا وجود نہایت اہم اور ایک فطری مظہر ہے، یہی محاذ ملت کو استکباری سازشوں سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔

علامہ راجا ناصر عباس نے م)” کہا شہید سید حسن نصر اللہ کی شخصیت عزم و اخلاص کا پیکر تھی۔ وہ اپنی انکساری، شجاعت، زہد و تقویٰ اور اعلیٰ اخلاق کی بدولت دنیائے معاصر کے قائدین میں ایک منفرد قائد تھے۔

انہوں نے کہا شہید سید حسن نصر اللہ نے حزب اللہ کو نہ صرف موجودہ بلکہ آنے والے حالات کے لیے بھی مکمل طور پر تیار کر کے چھوڑا ہے، لہٰذا مایوسی کی کوئی گنجائش نہیں بلکہ یہ وقت امید اور آگے بڑھنے کا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کی قربانیاں ملتوں کو حیات بخشتی ہیں، اور ہمیں اپنے اتحاد، شعور اور استقامت کے ذریعے شہداء کے مشن کو جاری رکھنا ہے۔

کانفرنس کے اختتام پر شہید سید حسن نصر اللہ سمیت تمام شہدائے مقاومت و امت کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی گئی۔

یاد رہے مجلس علماء امامیہ پاکستان بین الاقوامی ادارہ الباقر کا شعبہ تبلیغات ہے جو ادارہ کے بانی و سربراہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کی سربراہی میں مبلغین امامیہ و آئمہ جمعہ والجماعت کی استعداد افزائی اور منظم و مربوط تبلیغی فعالیت کے لیے گزشتہ دس سال سے زائد ہے عرصہ سے سرگرم عمل ہے۔

Shares:

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *