اہم خبریںبین الاقوامی خبریں

سردار اختر مینگل پرحملہ نہ صرف ایک جمہوری سیاسی جماعت اور اس کی قیادت پر حملہ ہے بلکہ پاکستان کے آئینی اور جمہوری ڈھانچے پر بھی براہِ راست حملہ ہے،سینیٹرعلامہ راجہ ناصرعباس

وحدت نیوز نیٹ ورک (اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ میں کوئٹہ میں بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ اور تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے رہنما سردار اختر مینگل کے قافلے پر ہونے والے بزدلانہ حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ یہ سانحہ نہ صرف ایک جمہوری سیاسی جماعت اور اس کی قیادت پر حملہ ہے بلکہ پاکستان کے آئینی اور جمہوری ڈھانچے پر بھی براہِ راست حملہ ہے۔

‏پارٹی کے مرکزی رہنما آغا موسیٰ کے زخمی ہونے کی اطلاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہوں اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔ اللہ کا شکر ہے کہ سردار اختر مینگل اس حملے میں محفوظ رہے۔

‏اس افسوسناک واقعے میں متعدد کارکنان نے جامِ شہادت نوش کیا۔ میں شہداء کی مغفرت اور ان کے لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتا ہوں، اور غمزدہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔

‏واضح رہے کہ اس نوعیت کے بزدلانہ ہتھکنڈے عوامی جدوجہد اور آئینی تحریکوں کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔ جمہوری قیادت اور کارکنان کو ڈرانے دھمکانے کے بجائے حکومت کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ انہیں مکمل تحفظ فراہم کرے۔

‏میں وفاقی و صوبائی حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے پرزور مطالبہ کرتا ہوں کہ اس حملے کے ذمہ داروں کو فی الفور گرفتار کر کے عبرت ناک انجام تک پہنچایا جائے اور ملک بھر میں سیاسی رہنماؤں و کارکنوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔



Shares:

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *