وحدت نیوز نیٹ ورک (پشاور)ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ضلع کرم سے رکنِ قومی اسمبلی انجنیئر حمید حسین کے ہمراہ پشاور میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی صدر علامہ جہانزیب علی جعفری صاحب اور تحصیل چیئرمین پاراچنار، آغائے مزمل حسین فصیح بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ملاقات میں ضلع کرم کے امن و امان کی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں کے فقدان اور بلدیاتی اداروں کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایم این اے انجنیئر حمید حسین نے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا کہ ضلع میں تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن اور یونین کونسلوں کے لیے فنڈز فراہم نہیں کیے جارہے، حتیٰ کہ تحصیل کونسلوں کو ضروری سہولیات بھی دستیاب نہیں۔
مزید برآں، صوبائی حکومت کی جانب سے ضلع کرم میں کوئی نمایاں ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے عوام شدید مایوسی کا شکار ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایک طرف ضلع کرم بدامنی کی لپیٹ میں ہے اور دوسری طرف ترقیاتی منصوبوں سے مکمل طور پر محروم رکھا گیا ہے، جس سے عوام میں حکومتِ وقت کے خلاف مایوسی بڑھ رہی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ضلع کرم کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور بلدیاتی اداروں سمیت ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔