وحدت نیوز نیٹ ورک (اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے جشن عید میلاد النبی (ص) کے پر مسرت موقع پر امت مسلمہ کے نام پیغام میں کہا کہ تمام تعریفیں اس اللہ کے لئے ہیں جس نے سید المرسلین، حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کے ذریعے کائنات کو منور فرمایا۔
درود و سلام ہو آپ کی ذات اقدس پر جنہیں اللہ تعالیٰ نے رحمۃ للعالمین بنا کر بھیجا۔
میں پوری امت مسلمہ کو عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دلی اور پرخلوص مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ دن سراپا رحمت، ہدایت اور وحدت کی یاد دہانی ہے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت صرف خوشی کا دن نہیں بلکہ امت کو بیداری، اتحاد اور اخوت کا درس بھی دیتا ہے۔
اسی مبارک ماہ میں ایک اور عظیم ہستی کی ولادت باسعادت بھی ہے: امام جعفر صادق علیہ السلام، جو علم، حکمت اور وحدت کے روشن چراغ ہیں۔ آپ کی سیرت اور تعلیمات بھی ہمیں فرقہ واریت سے اوپر اٹھ کر قرآن و سنت کی روشنی میں امت واحدہ بننے کی دعوت دیتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بانیِ انقلاب اسلامی امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے حکم پر میلاد رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ولادت امام جعفر صادق علیہ السلام کے ایام کو یکجا کر کے پوری دنیا میں ۱۲ ربیع الاول تا ۱۷ ربیع الاول کو ہفتۂ وحدت منایا جاتا ہے۔
آج کے دور میں امت مسلمہ بے شمار چیلنجز سے دوچار ہے۔ ظلم و بربریت کی سب سے ہولناک مثال اس وقت غزہ کے معصوم و نہتے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم ہیں۔ یہ وہ لمحہ ہے جب امت کو گروہی تعصبات سے نکل کر ایک صف اور ایک آواز بن کر مظلومین کے ساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔
ہفتۂ وحدت محض ایک عنوان نہیں بلکہ یہ دشمنانِ اسلام کی سازشوں کو ناکام بنانے کا عملی پیغام ہے۔ آئیں! ہم سب مل کر عہد کریں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے ان بابرکت ایام میں فرقہ واریت کے بجائے اخوت و اتحاد کو اپنا شعار بنائیں گے اور دنیا بھر کے مظلومین، بالخصوص اہلِ غزہ کے لئے اپنی دعاؤں اور کوششوں کو یکجا کریں گے۔
? عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ولادت امام جعفر صادق علیہ السلام کے اس پرنور موقع پر ہمارا اصل تحفہ یہ ہے کہ ہم امت مسلمہ کو جوڑیں، نہ کہ توڑیں، اور مظلومین کے ساتھ کھڑے ہوں۔ ?