وحدت نیوز نیٹ ورک (قم المقدسہ) ایامِ فاطمیہ کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے زیرِ اہتمام مدرسہ الولایہ میں ایک دو روزہ علمی و فکری کارگاہ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کارگاہ میں علمائے کرام، فضلاء، طلباء اور محققین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کارگاہ کا آغاز روح پرور تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا۔ اس موقع پر مسؤول شعبہ تبلیغ حجت الاسلام آقای محمد علی شریفی نے مجلس وحدت مسلمین کے بنیادی اہداف، تبلیغی سرگرمیوں کی اہمیت اور اس کارگاہ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔
دو روزہ فکری نشست دو علمی سیشنز پر مشتمل تھی:
پہلا سیشن:
حجت الاسلام آقای فدا علی حلیمی نے “شہادتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا منابعِ اہل سنت کی روشنی میں” کے عنوان سے مدلل اور محققانہ گفتگو کی۔ انہوں نے معتبر تاریخی حوالہ جات کے ذریعے سیدۂ کائناتؑ کی مظلومیت کو اُمتِ مسلمہ کے لیے بیداری اور بصیرت کا پیغام قرار دیا۔
دوسرا سیشن:
حجت الاسلام آقای صادقی، مدیر مدرسہ امیر المومنینؑ نے “سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیاسی سیرت” کے موضوع پر تجزیاتی گفتگو کی۔ انہوں نے سیدہؑ کی حیاتِ طیبہ میں موجود سیاسی بصیرت، دفاعِ ولایتِ علوی اور اسلامی نظام کی حفاظت کے پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
اختتام پر شرکاء نے اس فکری کارگاہ کو ایامِ فاطمیہ کی مناسبت سے ایک مؤثر علمی کاوش قرار دیتے ہوئے اس کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔








