وحدت نیوز نیٹ ورک (اسلام آباد): مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے صدر اور سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سیزدہم رجب المرجب، مولائے کائنات حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی یوم ولادت باسعادت کے موقع پر اپنے پیغام میں فرمایا کہ امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کی ولادتِ با سعادت عدل، انصاف اور انسان کی کرامت کو زندہ کرنے کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت علی علیہ السلام کی عدالت ایک عالمگیر اصول تھی جو دوست اور دشمن، حاکم اور محکوم، مسلمان اور غیر مسلمان سب کے لیے یکساں تھی۔ امام علی علیہ السلام نے انسانوں کو ان کے عقیدے یا نسل کی بنا پر نہیں بلکہ انسان ہونے کی حیثیت سے حقوق عطا فرمائے اور ارشاد فرمایا: “لوگ یا تو دین میں تمہارے بھائی ہیں یا پھر پیدائش کے اعتبار سے تمہارے برابر ہیں۔”
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ اگر معاشروں میں حقیقی امن، عدل اور انسانی حقوق کا تحفظ مطلوب ہے تو پھر سیرت علوی علیہ السلام کو زندگی کا دستور بنانا ہوگا۔
انہوں نے امام علی علیہ السلام کی ولادت با سعادت کی عالم اسلام بالخصوص پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کی۔








