وحدت نیوز(قم المقدس) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی کی والدہ محترمہ مختصر علالت کےبعد داعی اجل کو لبیک کہہ کر خالق حقیقی سے جا ملی ہیں۔ مرحومہ و مغفورہ کے انتقال پر ملال پر ایم ڈبلیوایم امور خارجہ کے مرکزی سیکرٹری علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے احمد اقبال رضوی و دیگر اہل خانہ سے دلی افسوس اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔
سیکرٹری امور خارجہ نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ماں جیسی عظیم ہستی کا فراق سب سے بڑا نقصان تصور کیا جاتا ہے، یہ انسان پر مصیبتوں ، بلاؤں ، پریشانیوں کو ٹالنے والی سب سے بڑی ڈال ہوتی ہے ۔ لیکن مشیت الہیٰ کے آگے کسی کا زور نہیں چلتا۔ اس دنیا میں جوآیا ہے اس نے ایک دن ضرور جانا ہے ۔
مرحومہ ومغفورہ ایک انتہائی مومنہ اور مجاہدہ خاتون تھیں، وہ زمانے سے باخبر حالات کا ادراک رکھتی تھیں، پاکستان اور بین الاقوامی سطح پر امت مسلمہ کے مسائل سے آگاہ خاتون تھیں، مظلومین جہاں کے لیئے اپنے دل میں درد کا احساس رکھتی تھیں، انہوں نے اپنے اولاد کی اسلامی و انقلابی خطوط پرتربیت کا شاندار فریضہ بھی بحسن وخوبی انجام دیااور لائق اور قابل نسل کی پرورش کی ۔
خدا وند متعال سے دست بادعاہیں کہ وہ مرحومہ کو جوار جناب صدیقہ طاہرہ سلام اللہ علیہا میں جگہ عنایت فرمائے، ان کے تمام گناہان کبیرہ و صغیرہ کو معاف فرمائے اور آقائے احمد اقبال رضوی سمیت تمام پسماندگان کو اپنی بارگاہ سے صابرین کا اجر عظیم مرحمت فرمائے۔ آمین
مرکزی سیکرٹری امور خارجہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کی طرف سے وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ احمد اقبال رضوی کی والدہ محترمہ کی رحلت پر اظہار تعزیت
Shares: