وحدت نیوز امور خارجہ: (قم المقدسہ) بروز جمعہ 22 نومبر2024 مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کی طرف سے گزشتہ روز شہید ہونے والے پارہ چنار کے شہداء کی یاد میں حسینہ کریمہ اھل بیت قم المقدس میں مجلس ترحیم کا انعقاد کیا گیا۔جس سے قائد وحدت سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری حفظہ اللہ نے خصوصی خطاب کیا ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں بے گناہ بچوں، بوڑھوں اور خواتین کی شہادت پر انکے خانوادوں سے تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس دنیا و جس دور میں ہم زندگی کر رہے ہیں پر فتن و حساس ترین دور ہے ۔ کہا جاتا ہے دنیا جنگ کی جگہ ہے اگر امن چاہتے ہو تو طاقتور بنو ۔ آج ہمیں طاقتور بننے کی ضرورت ہے بالخصوص مقلدین امام خمینی رہ کے لئے طاقتور بننا بہت ضروری ہے ۔ طاقت کے حصول کے لیے دشمن کی اسٹریٹیجی کو سمجھنا چاہیے ۔ اپنے زمانے کی شناخت بہت ضروری ہے ۔ دشمن بہت مکار ہے اس وقت سب سے بڑی جنگ لبنان و فلسطین میں لڑی جا رہی ہے اور دنیا تشیع کا شفاف چہرہ دیکھ رہی ہے ۔ کیونکہ اس عظیم معرکے میں شیعہ کھڑے ہیں ۔ یہ جنگ بہت اہم ہے کہ سید حسن نصراللہ جیسا شخص اپنی جان دے دیتا ہے ۔ دشمن ہمارا چہرہ خراب کرنے لیے تفرقہ پیدا کرے گا یہ اسکا مضبوط ہتھیار ہے ۔ اس وقت ری ایکٹ کرنے کے بجائے رسپانس دینے کی ضرورت ہے اور ہم ضرور رسپانس دیں گے ۔ہماری اہلسنت سے لڑائی نہیں سنی ہمارے دشمن نہیں بلکہ تکفری ٹولہ امریکہ کا آلہ کار ہے ۔ دشمن کے منصوبے اور سازشوں سے آگاہی بہت ضروری ہے ۔ پارہ چنار پاکستان کے شیعوں کا دل ہے ۔ لوگوں کا پارہ چنار سے عشق ہے ۔ بچوں کو مارنا یزیدی نسل کا شیوہ ہے ۔ ہم پارہ چنار کے مظلوموں کے لئے جان دینے کے لیے بھی تیار ہیں ہم دشمن کی بزدلانہ کارروائیوں پر ری ایکٹ نہیں کریں گے بلکہ رسپانس دیں گے۔ سیکورٹی ادارے حفاظت میں لے گئے ہیں ذمہ دار ہیں اگر آپ دو کلو میٹر کی حفاظت نہیں کر سکتے تو ملک کی کیا حفاظت کرو گے پاکستان کو دنیا میں رسوا کر دیا ۔ ساری ادارے جوابدہ ہیں وزیر اعلیٰ کے- پی- کے ،گورنر ، ایجنسیاں ، چیف آف آرمی ، وزیراعظم سارے جوابدہ ہیں ۔ آپکی نگرانی میں پارہ چنار میں یہ دلخراش واقع پیش آیا ۔ آپ نے آخر میں مصائب اہل بیت بیان کیے اور شہداء کے درجات کی بلندی اور مریضوں کی شفا یابی کے لیے دعا کی ۔
مجلس عزاء میں علماء ، طلاب و مومنین کثیر تعداد میں شریک تھے اور پارہ چنار کے مومنین سے یکجہتی کا اظہار کیا ۔ علماء و طلباء نے حکومت پاکستان اور سیکورٹی اداروں کی نااہلی پر شدید غم وغصے کا اظہار کیا۔
مجلس وحدت مسلمین قم کی طرف سے شہداء پارہ چنار کی یاد میں مجلس ترحیم سربراہ مجلس وحدت مسلمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا خطاب
Shares: