اہم خبریںبین الاقوامی خبریں

عشرہ کرامت کی مناسبت سے مبلغین اسلام کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب مہمان خصوصی جناب علامہ غلام حر شبیری صاحب کا فکر انگیز خطاب مبلغین دین کی دین کیلئے بے لوث خدمات، اور قربانیوں پر روشنی ماہ مبارک رمضان میں تبلیغ پر جانے والے مبلغین نے حاضرین کے سامنے اپنے تجربات بیان کئے، اور ایم ڈبلیو ایم قم کے شعبے کی خدمات کو سراہا

وحدت نیوز (قم )بروز ہفتہ 18 مئ 2024 دفتر مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ قم کی طرف سے عشرہ کرامت اور رمضان المبارک میں تبلیغ پر جانے والے مبلغین کے اعزاز میں ایک جشن کا اہتمام ۔
تفصیلات کے مطابق ہفتے کی شب آٹھ بجے مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے دفتر میں ولادت باسعادت امام رضا علیہ السلام ، حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا اور ماہ مبارک رمضان میں تبلیغ پر جانے والے مبلغین کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام الہی سے کیا گیا ۔
اسکے بعد مبلغین کو مختصر وقت میں اپنے تبلیغی دورے کے تاثرات بیان کرنے کا موقع دیا گیا ۔ بلوچستان سے مولانا حیدر علی ڈومکی صاحب نے اپنی گفتگو میں کہا کہ بلوچستان کے پسماندہ علاقے میں مبلغین کی اشد ضرورت ہے ۔ لوگ معارف دین کے آگاہی کے لیے تشنہ ہیں بہت سے ایسے علاقے ہیں جہاں کئ سالوں سے کوئی مبلغ نہیں گیا مساجد ویران ہیں ۔ لوگ دین اور معارف دین سے آگاہی کے لیے تشنہ ہیں اور حسب استطاعت مبلغین کی خدمت کے لیے آمادہ بھی ہیں ۔ ضرورت اس امر کی ہے اس سال کی طرح ہر سال مبلغین کو ان دور دراز علاقوں میں جانا چاہیے اور لوگوں می خدمت کرنی چاہیے ۔ انہوں نے اپنی گفتگو کے آخر میں مبلغین کے لئے اچھی منصوبہ بندی کرنے پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کا شکریہ ادا کیا ۔ ان کے بھی متعدد مبلغین نے حاضرین کے سامنے اپنا تبلیغی تجربہ بیان کیا۔
تمام مبلغین نے اس بات پر زور دیا کہ مبلغین کو درپیش مسائل کو حل کرنے بالخصوص تفتان بارڈر پر جو مشکلات پیش آتی ہیں انہیں دور کرنے کی کوشش کی جائے تاکہ مبلغین اچھے طریقے سے وطن عزیز میں جا کر لوگوں کو معارف دین سے آگاہ کر سکیں ۔
اسکے بعد یو کے سے آئے ہوئے مہمان خصوصی جناب علامہ غلام حر شبیری صاحب نے خطاب کرتے ہوئے ولادت باسعادت امام رضا اور حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے مبارک باد پیش کی ۔
انہوں کہا کہ جو لوگ خدا کے لیے نکلتے ہیں اور تبلیغ کرتے ہیں اس کا اجر عند اللہ محفوظ ہے یہ تبلیغ کا راستہ پیغمبر اسلام کا اور ائمہ اطہار کا راستہ ہے ۔ اسے ہم نے اپنے اختیار و ارادے سے انتخاب کیا ہے ہمیں کسی نے مجبور نہیں کیا ۔ مبلغین، انبیاء کے وارث ہیں یعنی جو مشکلات انبیاء و ائمہ کو درپش تھیں وہ حتمی طور پر ان کے وارثوں کو بھی درپیش ہونگی ۔ اس تبلیغ کا عمل اتنا عظیم ہے کہ کوئی بھی انسان مبلغین کو تبلیغ کا اجر نہیں دے سکتا، فقط خداوند متعال کے پاس اس کا اجر محفوظ ہے ۔
انہوں نے اپنی گفتگو میں مبلغین کی بہترین خدمات کو سراہا اور انکے لیے دعا کی اور یقین دلایا کہ جہاں تک ممکن ہو سکے گا ہم بھی مبلغین کی مشکلات دور کرنے کی کوشش کرتے رہیں گے۔
ان کے بعد مجلس وحدت مسلمین امور خارجہ کے سیکرٹری ڈاکٹر سید شفقت شیرازی صاحب نے تمام مہمانوں اور مبلغین کا شکریہ ادا کیا اور مبلغین سے کے ساتھ اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان شاءاللہ تبلیغ دین کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
آخر میں مہمانان خصوصی کے دست مبارک سے مبلغین کرام کو اعزازی اسناد عطا کی گئیں اور یوں دعائیہ کلمات سے پروگرام کا اختتام کیا گیا۔

Shares:

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *