وحدت نیوز (اصفہان)تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کی جانب سے 1 اپریل 2024 بمطابق 21 رمضان کو امام علی علیہ السلام کی شھادت کی مناسبت سے مجلس عزا اور عزاداری کا انعقاد کیا گیا۔
مجلس عزا کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت برادر حافظ شیخ سلیم صاحب نے حاصل کی۔
تلاوت کلام پاک کے بعد امام مظلوم کی شھادت کے حوالے سے سوز و سلام پیش کئے گئے۔
مجلس عزا سے خطاب مہمان خصوصی حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر ابن الحسن حیدری صاحب نے کیا۔
انہون نے اپنی گفتگو میں امام علیہ السلام کی سیرت اور مظلومیت کے ساتھ ان کی معرفت حاصل کرنے پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ انسان کسی چیز کی معرفت حاصل کرتا ہے تب اس کی قدر کرتا ہے۔
امیر المومنین کی معرفت حاصل کرنے کے لئے ہر کسی نے اپنے لحاظ سے اور مختلف انداز سے کوشش کی ہے ۔تاریخ دان نے تاریخی اعتبار سے ، فلاسفر نے اپنے عقلی اعتبار سے ، عرفا نے عشق محبت کے ذریعے سے امام علیہ السلام کو پہچاننے کے لئے کوشش کی ہے اور یہ ساری چیزیں ایک دوسرے کے بغیر نا مکمل ہیں
انہون نے مزید بتایا کہ اگر ہم واقعاً امام کی معرفت حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں ان کے اہل سے رجوع کرنا ہوگا۔ اور امام کی معرفت کے لئے ہمارے پاس رسول اکرم جیسی عزیز ہستی موجود ہے جن کی ذریعے ہم امام کی صحیح معرفت حاصل کر سکتے ہیں
انہون نے بیان کیا کہ رسول اکرم نے فرمایا میں تم لوگوں کے درمیان دو گران قدر چیزیں چھوڑ کر جا رہا ہوں ایک قرآن اور دوسری اپنی عترت۔ جس طرح مسلمانوں کے درمیان قرآن کی اہمیت ہے اسی طرح ان کی عترت کی بھی اہمیت ہونی چاہیے اور عترت میں سب سے پہلے امام علی علیہ السلام ہیں۔
آخر میں انہوں نے امام کے مصائب بیان کئے۔
مجلس عزاء کے بعد عزاداری برپا کی گئی جس میں برادر غلام علی اور برادر فرقان حیدر نے نوحہ خوانی کی۔
پروگرام میں نظامت کے فرائض برادر سید اسرار عباس نے انجام دئے
مجلس عزاء و عزاداری کے بعد مغربین کی نماز با جماعت ادا کی گئی جس کے بعد حاضرین کے لئے افطار و شام کے لئے دسترخوان بچھایا گیا۔
منجانب: مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان